پتور 19 / دسمبر (ایس او نیوز) بڈاگنور گرام پنچایت کے امباٹے مولے علاقہ میں ٹرانسفارمر کے پاس الیکٹرک شاک لگنے سے نوجوان طالب علم ہلاک ہوگیا جس کی شناخت رنجیت (16 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔
موصولہ اطلاع کے مطابق یہ واقعہ 17 دسمبر کی شام کو پیش آیا جب رنجیت اپنے گھر سے ذرا دوری پر واقع ٹرانسفارمر کے قریب بے ہوشی کی حالت میں پڑا ہوا ملا ۔ جب اسے اسپتال میں منتقل کرنے کی کوشش کی گئی تو اس نے راستے میں ہی دم توڑ دیا ۔
معلوم ہوا ہے کہ رنجیت کا ایک پڑوسی اپنے گھر میں بجلی غائب ہونے پر ٹرانسفارمر کے پاس بجلی کنکشن کی صورتحال دیکھنے کے لئے رنجیت کو اپنے ساتھ وہاں لے گیا تھا ۔ اس دوران بجلی کا شاک لگنے کی وجہ سے وہ بے ہوش ہوگیا اور پھر اس کے بعد اس کی موت واقع ہوگئی ۔
رنجیت کے والدین روزانہ قلی مزدوری کرکے زندگی بسر کرتے ہیں ۔ اس کے والد کرشنپا نائک کو دل کا مرض لاحق ہے اور 20 دسمبر کو اس کی اوپن ہارٹ سرجری ہونے والی تھی ۔ نوجوان بیٹے کی اچانک موت سے گھر والے انتہائی صدمہ کا شکار ہوگئے ہیں ۔
اس تعلق سے سمپیا پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے ۔